پنجاب میں کھانسی کے کئی شربت اور ادویات ناقص قرار

Published On 20 November,2025 11:52 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب ڈرگ کنٹرول اتھارٹی نے کھانسی کے شربت سمیت متعدد ادویات کو ناقص قرار دے کر فوری پابندی لگا دی۔

پنجاب ڈرگ کنٹرول اتھارٹی نے عام استعمال کی کئی ادویات، خصوصاً کھانسی کے شربتوں کی متعدد بیچز کو ناقابل معیار قرار دیتے ہوئے ان کی فروخت پر فوری پابندی عائد کردی ہے۔

اتھارٹی کی طرف سے شہریوں، دکان داروں اور ہسپتالوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان خطرناک مصنوعات کو فوری طور پر واپس کریں۔

اتھارٹی کے باضابطہ الرٹ میں ان ادویات کے نام اور بیچ نمبر جاری کیے گئے ہیں، جن میں سب سے خطرناک ایریکوف کف سیرپ ہے، جس میں ڈائی ایتھائلین گلائیکول کی زائد مقدار پائی گئی ہے، یہ ایک زہریلا کیمیکل ہے جو انسانی صحت کے لیے نہایت نقصان دہ ہے۔ اس شربت کی فوری واپسی کا حکم دیا گیا ہے۔

پابندی کی زد میں آنے والی دیگر ادویات میں لوراٹیڈائن 10 ملی گرام کی گولیاں، سیف میڈ 100 ملی گرام اور مختلف مرہم شامل ہیں، حکام نے خبردار کیا ہے کہ جن کے پاس بھی یہ بیچز موجود ہوں وہ انہیں بلا تاخیر واپس کریں۔

دوسری جانب ہسپتالوں میں نزلہ، کھانسی، ڈینگی اور ملیریا کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس نے صحت عامہ کے حوالے سے تشویش میں اضافہ کیا ہے۔

ماہرینِ صحت نے شہریوں کو فوری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے جن میں مصافحہ سے گریز، سماجی فاصلہ برقرار رکھنا، ماسک کا استعمال اور متوازن غذا کے ذریعے قوتِ مدافعت میں اضافہ شامل ہیں۔