لاہور: (ویب ڈیسک) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کی تقریب میں میزبان ملک کو نظر انداز کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو ایک اور خط لکھ دیا۔
گزشتہ روز لاہور میں ایڈوائزر چیئرمین پی سی بی عامر میر اور چیف فائنانس آفیسر (سی ایف او) نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیمپئینز ٹرافی کی میزبانی پر پاکستان کو ہونیوالے نقصان کی بھارتی رپورٹس کو جھوٹا قرار دیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیمپئینز ٹرافی کے دوران اور بعد میں منفی پروپیگنڈا کرنے پر بھارتی میڈیا کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور بدنام کرنے کی سازش پر اپنا ردعمل دیدیا۔
اس موقع پر مشیر چیئرمین پی سی بی عامر میر نے کہا کہ چیئرمین محسن نقوی صحت کے مسائل کے باعث آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی اختتامی تقریب میں نہیں جاسکے تھے اس لیے انہوں نے سمیر احمد کو نامزد کیا تھا جنہیں اہم تقریب کے سٹیج پر نہیں بلایا گیا۔
اس معاملے کو آئی سی سی کے ساتھ تحریری طور پر اٹھایا گیا جس کا جواب کرکٹ کی عالمی باڈی سے موصول ہو گیا تاہم اس جواب سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی مطمئن نہیں اس لیے دوبارہ ایک خط لکھا ہے جس کے جواب کا انتظار کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سمیر احمد سید کو سٹیڈیم میں موجود ہونے کے باوجود تقریب تقسیم انعامات میں مدعو نہیں کیا گیا تھا۔
البتہ تقریب میں بی سی سی آئی کے صدر راجر بنی، سیکرٹری دیوجیت سائقیا، نیوزی لینڈ کے سابق کھلاڑی راجر ٹووز اور آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ مدعو تھے۔