لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی ) محسن نقوی نے بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے پر کرارا جواب دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے جاری کردہ پیغام میں محسن نقوی نے لکھا کہ بھارتی میڈیا حقائق پر نہیں بلکہ جھوٹ پر پروان چڑھتا ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ سے معافی مانگنے سے متعلق زیر گردش خبریں بے بنیاد اور جعلی ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ میں نے بی سی سی آئی سے کبھی معافی نہیں مانگی اور نہ ہی کبھی ایسا کروں گا، میں نے کچھ غلط نہیں کیا۔
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) October 1, 2025
چیئرمین اے سی سی نے کہا کہ بھارتی میڈیا کا کام صرف اپنے لوگوں کو بیوقوف بنانا ہے، بھارتی میڈیا غلط اور جھوٹی خبریں چلا رہا ہے، بدقسمتی سے بھارت کرکٹ میں سیاست لے کر آیا، بھارتی بورڈ کے رویے سے کھیل کی روح کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
محسن نقوی نے مزید لکھا کہ ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین کی حیثیت سے بھارت کو ٹرافی دینے کو تیار تھا، اگر وہ چاہتے ہیں تو اے سی سی کے دفتر آئیں اور ٹرافی وصول کریں، بھارتی ٹیم کو خوش آمدید کہنے کے لئے تیار ہوں۔