کراچی: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ ورلڈکپ سر پر ہے، ٹیم میں زیادہ تجربے کرنے کی ضرورت نہیں۔
شہر قائد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ جنرل فیض سمیت دیگر آرمی افسران کا احتساب ہو رہا ہے، آرمی نے اپنے آپ سے احتساب شروع کیا ہے۔
سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم نے کہا کہ فوج میری ہے، ہم سب کی ہے جو قربانیاں دے رہی ہے، فخر محسوس کرتا ہوں کہ فوج اپنے بچوں کو یتیم کرا رہی ہے تاکہ ہمارے بچے یتیم نہ ہوں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ پی ایس ایل روڈ شو ہونا چاہئے، پی ایس ایل بڑا برانڈ ہے، پی ایس ایل فرنچائز کو بھی چاہیے ایسے پروگرام کریں۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کے لئے کمبینیشن مل گیا ہوگا، کپتان کو ایک ٹیم بنا کر دیں، تاکہ اسے بھی پتہ ہو کہ میں کپتان ہوں۔
سابق کپتان نے کہا کہ پی ایس ایل میں ٹیموں میں اضافہ ہونا چاہیے اس سے زیادہ کھلاڑیوں کو موقع ملے گا، ڈیپارٹمنٹ کرکٹ ہونی چاہیے، میں خود ڈیپارٹمنٹ سے کھیلا ہوں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ بگ بیش میں کرکٹرز کھیل رہے ہیں اچھی بات ہے، بابر، رضوان، شاہین وہاں سے کھیل آئیں گے جس سے ورلڈ کپ کے لیے مدد ملے گی۔



