ماؤنٹ مانگنوئی: (دنیا نیوز) نیوزی لینڈ نے تیسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 323 رنز سے شکست دے دی اور تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی۔
ماؤنٹ مانگنوئی میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 462 رنز کا ہدف دیا جبکہ مہمان ٹیم 138 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی، ویسٹ انڈیز کی جانب سے برینڈن کنگ 67 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جان کیمپبل 16 رنز بنا سکے، ٹیم کے 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے جیکب ڈفی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اعجاز پٹیل نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 575 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کی جبکہ دوسری اننگز 2 وکٹوں پر 306 رنز بنا کر ڈکلیئر کی گئی، اس کے جواب میں ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 420 رنز سکور کیے تھے۔
میچ کے اختتام پر نیوزی لینڈ کے ڈیون کانوے کو پلیئر آف دی میچ جبکہ شاندار کارکردگی پر جیکب ڈفی کو پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔



