بہاولپور: (دنیا نیوز) بہاولپور کے نواحی علاقہ مسافر خانہ کی پولیس نے 12 سالہ کمسن بچے کو باپ کی عدم گرفتاری پر تھانے میں بند کر دیا، امتحانات ہونے کی وجہ سے معصوم بچے نے تھانے میں ہی پڑھائی شروع کر دی۔ میڈیا پر خبر نشر ہونے پر آر پی او بہاولپور کی ہدایات پر بچے کو رہا کر دیا گیا۔
گزشتہ روز سابق چیئرمین پی سی بی چودھری ذکاء اشرف کی شوگر مل میں گنے کی خریداری پر عملہ اور کسانوں میں تصادم ہوا تھا جس میں 4 افراد زخمی ہو گئے، واقعہ کے بعد مشتعل کسانوں نے شوگر مل کے گیٹ بند کر کے احتجاج کیا اور دھرنا دیا جس کے بعد مقامی پولیس نے کسانوں اور شوگر مل ملازمین کے مابین رات گئے تک مذاکرات کئے، ناکامی پر پولیس نے شوگر مل کی درخواست پر کسانوں پر مقدمہ درج کیا جس میں دیگر افراد کیساتھ مسافر خانہ کا عاشق بھی شامل ہے۔
پولیس کی پھرتی اس وقت سامنے آئی جب عاشق کی عدم گرفتاری پر اس کے کمسن 12 سالہ بیٹے شعیب کو گرفتار کر کے تھانے بند کر دیا گیا۔ ہونہار بچے نے امتحانات قریب ہونے کی وجہ سے اپنی کتابیں بھی تھانے لے آیا جن کی مدد سے اپنی تعلیم دوران گرفتاری تھانے میں جاری رکھی۔
اس واقعہ کی ویڈیو وائرل ہوئی اور میڈیا کی زینت بنی تو آر پی او بہاولپور رفعت مختار راجہ کی ہدایت پر بچے کو رہائی نصیب ہوئی۔