فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں اے ٹی ایم پر خاتون سے نوسربازی کی سی سی ٹی وی فوٹیج دنیا نیوز نے حاصل کرلی، ملزمان نے خاتون کے اکاوّنٹ سے 37 ہزار روپے نقدی بھی نکال لی۔
فیصل آباد میں اے ٹی ایم پر سادہ لوح شہریوں سے نوسربازی کرنے والا گروہ سرگرم ہو گیا۔ تھانہ سرگودھا روڈ کے علاقے گلستان کالونی میں نوسربازوں کی جانب سے اے ٹی ایم مشین کو استعمال کرتی ہوئی خاتون (ا-ت) سے دھوکہ دہی سے اے ٹی ایم کارڈ ہتھیا لیا۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی دنیا نیوز نے حاصل کرلی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو خاتون کو جھانسہ دیتے اور مشین سے اے ٹی ایم کارڈ نکالتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ بعد ازاں ملزمان کی جانب سے دوسرے ایم ٹی ایم کا استعمال کرتے ہوئے اکاوّنٹ سے 37ہزار روپے نکال لئے گئے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی کی مدد سے نوسربازی میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا جس سے سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔