کراچی: (دنیا نیوز) کلفٹن کے علاقے تین تلوار پر رواں سال کی سب سے بڑی نقب زنی کی واردات ہوئی ہے جہاں نامعلوم ملزمان سنار کی دکان سے 12 کلو کے قریب سونا لوٹ کر فرار ہو گئے۔
بتایا جا رہا ہے کہ لوٹے گئے سونے کی قیمت مبینہ طور پر 10 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ واقعے کا مقدمہ کلفٹن تھانے میں محمد آصف کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔ مدعی کے مطابق دکان پر تیار شدہ اور بکس میں رکھے زیورات فروخت کرتے ہیں۔ 3 مئی کو افطار سے قبل اپنی دکان بند کرکے گھر چلا گیا تھا، 4 مئی کو جب دکان پہنچا تو چار تالے ٹوٹے ہوئے تھے۔
مقدمے کے مطابق دکان میں موجود 12 کلو کے قریب طلائی زیورات چوری ہو گئے تھے۔ ادھر پولیس کی جانب سے تحقیقات کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اکبر ریاض کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں اندر جانے کا ایک ہی دروازہ ہے۔ اس دروازے پر تالے لگے ہوتے ہیں اور چار چوکیدار موجود ہوتے ہیں۔
مدعی کے مطابق تجوری نہیں صرف شوکیس میں سارا سونا رکھا تھا۔ پولیس کو واردات کے کئی گھنٹے کے بعد رپورٹ کی گئی۔ جاوید اکبر ریاض نے مزید کہا کہ معاملے پر ہر پہلو سے تفتیش کر رہے ہیں۔