کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کے علاقے لانڈھی 36 بی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گھر میں زنجیروں میں جکڑی تشدد زدہ خاتون کو بازیاب کروا کے شوہر کو گرفتار کر لیاہے۔
ایس پی لانڈھی شاہنواز چاچڑ کے مطابق چھاپے میں بازیاب ہونے والی 30سالہ خاتون کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے، عشرت نامی خاتون کو شوہرعمران ایک ماہ سے زنجیروں میں باندھ کر تشدد کا نشانہ بناتا تھا۔ ملزم عمران کی جانب سے خاتون پر بے بنیاد الزامات عائد کئے جاتے تھے۔
شاہنواز چاچڑ کامزید کہنا تھا کہ ملزم عمران اور عشرت کی شادی 8 سال قبل ہوئی تھی، زنجیروں میں جکڑنے کے بعد ملزم نے اپنی دو بچیوں کو رشتہ داروں کے حولے کردیا تھا۔
خاتون کی جانب سے ابتدائی بیان میں انکشاف ہوا کہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد سر کے بال بھی مونڈھے گئے ہیں، لانڈھی پولیس نے تشدد کا نشانہ بنانے والے شوہر کو گرفتار کرکے ملزم سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔۔