فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے ہوٹل میں لاہور کی خاتون کی پر اسرار موت واقع ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مدینہ ٹاؤن میں واقع ہوٹل سے لاہور کی خاتون کی لاش ملی ہے، جس کی شناخت عیشا ارشد کے نام سے کی گئی ہے۔
واقعے سے متعلق پولیس نے بتایا کہ 30 سالہ عیشا ارشد گزشتہ رات ہوٹل میں ٹھہری تھی جہاں رات گئے نثار کالونی کے شاہد نامی شخص نے مقتولہ سے ملاقات کی تھی۔ شاہد مقتولہ کا کزن ہے۔
پولیس کے مطابق صبح ہوٹل کا عملہ ناشتہ دینے گیا تو کمرے سے لاش ملی، مقتولہ کےجسم پر تشدد یا زخم کا نشان نہیں پایاگیا، کمرے سے مقتولہ کا موبائل فون اور پرس غائب ہے۔
پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے دوران ہوٹل مینجر کو حراست میں لیتے ہوئے کیس کی تفتیش کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جو بھی اس واقعے میں ملوث ہوا، اسے گرفتار کرلیں گے۔