ٹھٹھہ: (دنیا نیوز) ٹھٹھہ کے قریب ساکرو کے علاقے میں زمین کے تنازع پر ملزمان کی گرفتاری کے لئے جانے والی پولیس پارٹی پر فائرنگ کے نتیجے میں اے ایس آئی اور پولیس اہلکار شہید جبکہ ڈی ایس پی ساکرو اور ایس ایچ او گھارو شدید زخمی ہو گئے، لاشیں اور زخمی ہسپتال منتقل کردیئے گئے۔
ڈی ایس پی ساکرو غلام رسول سیال کی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری زمین کے تنازع میں ہونے والے جھگڑے کی اطلاع پر گرفتاری کے لئے پہنچی تو ملزمان نے پولیس پر سیدھی فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک اے ایس آئی سخی کلمتی بلوچ اور پولیس اہلکار علی نواز چنڑ شہید ہوگئے۔ ڈی ایس پی میر پور ساکرو غلام رسول سیال اور ایس ایچ او گھارو ممتاز علی بروہی زخمی ہو گئے۔ شھید اور زخمی ہوئے والے پولیس افسران کو گھارو رورل ہیلتھ سنٹر پہنچایا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مطلوب افراد کی گرفتاری پر بابڑہ کے قریب چھاپے کے دوران ملزمان نے فائرنگ کردی تھی جس سے ایک افسر اور ایک اہلکار شہید ہوگئے اور دو افسران زخمی ہوئے پولیس کی بھاری نفری ملزمان کے تعاقب میں بابڑہ کے قریب پہنچ گئی ہے۔