منڈی بہاءالدین: (دنیا نیوز) منڈی بہاءالدین وارڈ نمبر 5 میں پچاس روپے کی مبینہ چوری کے شبہ میں دکاندار نے دو کمسن بچوں کو پنجرے میں قید کر دیا جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔
منڈی بہاءالدین میں تھانہ سٹی کے علاقہ پانچ وارڈ میں 8 اور 9 سال کے دو کمسن بچوں کو سنگدل دکاندار نے چوری کے شبہ میں بھرے بازار میں پنجرے میں قید کر دیا، سٹی پولیس کے مطابق ملزم کو شبہ تھا کہ بچوں نے اس کی دکان سے پچاس روپے چوری کئے ہیں جس پر ملزم نے دونوں بچوں کو مرغیوں کے پنجرے میں بند کر کے پنجرہ سڑک پر رکھ دیا اور راہگیروں کے پوچھنے پر دونوں بچوں کی بائیس ہزار روپے قیمت بھی بتاتا رہا۔
واقعہ کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی جس میں پنجرے میں بند سہمے ہوئے بچوں کے دلخراش مناظر دیکھے جا سکتے ہیں، ترجمان پولیس کے مطابق ڈی پی او ساجد حسین کے نوٹس پر سٹی پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔