ملتان: پولیس کی فائرنگ سے 2 نوجوان جاں بحق، ایک زخمی

Published On 23 April,2023 12:07 pm

ملتان: (دنیا نیوز) پولیس کی فائرنگ سے دو نوجوان جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق شاہ رکن عالم کالونی میں نوجوان ہوٹل سے کھانا کھا کر گھر جا رہے تھے، پولیس کے اشارے پر نہ رُکنے کی وجہ سے ان پر فائرنگ کی گئی۔

فائرنگ سے دو نوجوان جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا ہے، نوجوانوں پر فائرنگ کرنے والا اہل کار فرار ہوگیا ہے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں نوجوان عثمان نویں جماعت کا طالب علم تھا، عثمان کی والدہ نے بتایا ہے کہ ان کے بیٹے کا آج نکاح ہونا تھا۔

اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے دوسرے نوجوان سمیع اللہ کی عمر 19 سال تھی، جب تک انصاف نہیں ملے گا نوجوانوں کی تدفین نہیں کریں گے۔

ملتان پولیس کے مطابق 2 نوجوانوں کی ہلاکت کا مقدمہ ذمے دار پولیس اہلکاروں کے خلاف مقتول عثمان کے والد کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔