اے این ایف کی مختلف شہروں میں کارروائیاں ، 4 ملزم گرفتار

Published On 20 May,2023 10:33 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اے این ایف کی منشیات کے خلاف کامیاب کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ، ملک کے مختلف شہروں میں کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد ، 4 ملزم گرفتار کر لیے گئے ۔

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف ) نے انسداد منشیات کے آپریشن کے دوران راولپنڈی مصریال روڈ پر کارروائی کے دوران پشاور کے رہائشی 2 ملزمان سے 100 نشہ آور گولیاں برآمد کرلیں ۔

ایک اور کارروائی میں نوشہرہ ولی انٹر چینج کے قریب کار سے 144 کلو چرس اور 30 کلو افیون برآمد کر کے پشاور کا رہائشی ملزم گرفتار کر لیا۔

اے این ایف ترجمان کے مطابق طورخم بارڈر نادرہ چوک کے قریب کارروائی میں پلاسٹک کے تھیلوں سے مجموعی طور پر 65000 نشہ آور گولیاں برآمد کی ہیں۔

اسی طرح اے این ایف اور ایف سی کی خیبر میں مشترکہ کارروائیوں میں پلاسٹک کے تھیلوں سے 13 کلو چرس برآمد ہوئی ہے ، کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ فلائٹ نمبر UL 189 سے کولمبو جانے والا کراچی کا رہائشی مُلزم گرفتار کر کے ملزم کے بیگ سے 2400 نشہ آور گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔

اے این ایف کے مطابق کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر نجی کوریئر آفس میں ایک اور کارروائی کے دوران آسٹریلیا بھیجے جانےوالے پارسل واسکٹ میں چھپایا گیا 780 گرام مشکوک مواد برآمد کیا گیا ہے۔

اے این ایف نے چمن فرینڈ شپ گیٹ چیک پوسٹ پر چیکنگ کے دوران پارسل سے 900 گرام آئس ،کوئٹہ ویسٹرن بائی پاس کے قریب جھاڑیوں میں چھپائی گئی 15 کلو ہیروئن برآمد کی گئی ہے۔

گرفتار مُلزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
 

Advertisement