کچہ میں پولیس کا آپریشن جاری ، 10 ڈاکو ہلاک ، 46 گرفتار

Published On 20 May,2023 12:57 pm

لاہور : (دنیانیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر گرینڈ پولیس کچہ آپریشن 42 ویں روز میں داخل ہو گیا۔

پنجاب پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ رحیم یار خان اور راجن پور پولیس کی کاروائیوں میں اب تک 10 ڈاکو ہلاک، 46 گرفتار اور 18 سرنڈر کر چکے ہیں جبکہ 09 مغویوں کو بازیاب کروایا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ترجمان پنجاب پولیس آر پی او ڈی جی خان کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان کی قیادت میں جدید ہتھیاروں اور بکتر بند گاڑیوں سے لیس پولیس دستے دشوار گزار علاقہ کچہ مورو میں داخل ہو گئی،
آپریشن میں پنجاب پولیس کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے اور خوف کی علامت سمجھے جانے والے وقار عرف وقاری عمرانی نے پانچ ساتھیوں سمیت سرنڈر کر دیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق وقار عرف وقاری عمرانی گینگ اغوا برائے تاوان، ڈکیتی، اسلحہ سمگلنگ اور قتل جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث تھا ، سرنڈر کرنے والے ڈاکوؤں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، ایس ایم جی گنز،ایمونیشن برآمدہوا ہے ۔

کچہ مورو میں بھی اغوا برائے تاوان، چوری، ڈکیتی، راہزنی میں ملوث گورا عمرانی اور پٹ گینگز کی کمین گاہوں کا محاصرہ کرکے پیش قدمی جاری ہے ، پنجاب پولیس کی جانب سے بکتر بند گاڑیوں نے کچہ مورو میں تمام کمین گاہوں اور خفیہ ٹھکانوں کو مکمل تباہ کر کے نذر آتش کر دیا گیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کاکہنا ہے کہ پولیس کی مکمل توجہ کچہ کراچی کو کلیئر کرنے کے بعد کچہ رجوانی پر ہے ، جزیرہ نما کچہ رجوانی میں ڈاکوؤں کے خلاف ڈرون ٹیکنالوجی بھی استعمال میں لے آئی، پولیس نے دریائے سندھ کے درمیان وسیع و عریض خطرناک جزیرہ نما کچہ پر ڈرون کی مدد سے ڈاکوؤں کی ریکی شروع کر دی۔

ترجمان کا کہنا ہےکہ پولیس کریمنلز کا مکمل صفایا اور پائیدار امن تک کارروائیاں جاری رکھے گی، پولیس نے اپنی مدد آپ کے تحت قائم سکول اور ڈسپنسری کو آپ گریڈ کر دیا ہے، سکول اور ڈسپنسری کو خیموں سے نکال کر عمارتوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
 

Advertisement