کراچی : ( دنیا نیوز ) صوبائی دارالحکومت کے علاقے لانڈھی میں گھر سے ماں اور دو سالہ بچے کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔
کراچی پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت فائزہ اور دو سالہ ذوہان کے نام سے ہوئی ہے جن کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ کرائم سین نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور مکان کو پولیس کی جانب سے تالا لگایا دیا گیا ہے۔
ایس پی ملیر حسن سردار نیازی نے بتایا کہ خاتون کا تیز دھار آلے سے گلا کاٹا گیا جبکہ اس کے بچے کو پانی میں ڈبو کے مارا گیا اور ملزمان نے لاش کو پانی والے ٹینک میں پھینک دیا۔
حسن سردار نیازی نے مزید بتایا کہ خاتون کے شوہر کا انتقال ہو چکا ہے اور وہ عدت گزار رہی تھی، گھر میں ڈکیتی کے کوئی شواہد نہیں ملے ، واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے اور واقعہ کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
دوسری جانب اہل محلہ کا کہنا تھا کہ خاتون اپنے شوہر اور بچے کے ساتھ پانچ سال سے اس گھر میں رہائش پزیر تھی اور اس کے شوہر کا کچھ ماہ قبل انتقال ہوا تھا جبکہ خاتون کے گھر اس کے رشتے داروں کا آنا جانا تھا ۔
اہل محلہ نے مزید بتایا کہ خاتون یہ مکان فروخت کر کے اپنے گاؤں جانا چاہتی تھی ، اس کا آبائی تعلق اٹک سے تھا ، ہمیں واقعے کا علم رات 9 بجے کے قریب ہوا۔