لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) لاہور سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ڈائریکٹر ایف ائی اے سرفراز ورک کی ہدایت پر کارپوریٹ کرائم سرکل کے ڈپٹی ڈائریکٹر مبشر ترمذی کی زیر نگرانی ٹیم نے کارروائی کی، ٹیم میں ڈپٹی ڈائریکٹر عدیل، اسسٹنٹ ڈائریکٹر جاوید سلطان، علی عارف شامل تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار افراد سے 6 کروڑ 81 لاکھ کی ملکی اور ڈیڑھ کروڑ سے زائد کی غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی ہے، گرفتار ملزمان میں مظہر شفقت، ذیشان اور سلمان شامل ہیں جبکہ اصل ملزم اظہر شفقت کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
حکام ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان پہلے اومیگا منی ایکسچینج کے نام سے کاروبار کرتے تھے، ایکسچینچ لائسنس منسوخ ہونے کے بعد ملزمان پرائیویٹ طور پر کاروبار کر رہے تھے، ملزمان کے قبضے سے 4 ہزار655 امریکی ڈالر، 16ہزار 15 یورو، 17ہزار 470 درہم برآمد ہوئے ہیں۔
ایف آئی اے حکام نے بتایا ہے کہ ملزمان سے 49 ہزار 362 سعودی ریال، 790 کینیڈین ڈالر، 2 ہزار 650 ترکش لیرا، 4 ہزار 480 پاؤنڈ بھی برآمد کئے گئے ہیں۔