شہر قائد میں راہ چلتی خواتین کو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری، نارتھ کراچی میں ایک اور واقعہ

Published On 23 September,2023 02:20 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں راہ چلتی خواتین بھی محفوظ نہیں، اوباشوں کی جانب سے نازیبا حرکات اور ہراساں کرنے کے واقعات میں اضافہ ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی سیکٹر 11 بی میں موٹر سائیکل سوار اوباش نے گلی سے گزرتی ہوئی خاتون کو ہراساں کیا اور فرار ہو گیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج دنیا نیوز نے حاصل کر لی جس میں ملزم کو واضح طورپر دیکھا جا سکتا ہے۔

شہر میں اس سے قبل بھی اس طرح کے واقعات پیش آ چکے ہیں، 3 جولائی کو گلستان میں خاتون سے نازیبا حرکات کی گئیں، 18 جولائی کو اورنگی میں بھی ہراسانی کا واقعہ پیش آیا اور پولیس نے ملزم کو گرفتار کیا تاہم ناقص تفتیش اور کمزور مقدمے کے باعث ملزم نے عدالت سے اپنی ضمانت کرالی۔

2 اگست کو سمن آباد جبکہ 15 اگست کو اتحاد ٹاؤن میں خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات رونما ہوئے، شہر میں ہراساں کرنے کے واقعات کے باعث خواتین میں خوف پایا جا رہا ہے جبکہ پولیس کی جانب سے روایتی بیانات دے کر مزید کارروائی سے جان چھڑائی جا رہی ہے۔