ظفروال: (دنیانیوز) نارووال کی تحصیل ظفروال کے نواحی گاؤں وڈھالہ میں انتہائی لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے جہاں سگے ماموں نے بھائی کے قتل کا بدلہ لینے کیلئے دو معصوم بھانجوں کو گلا دبا کر قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق سگے ماموں نے دونوں بچوں کو رات کو کھیتوں میں لے جا کر قتل کیا، بچوں کی شناخت 8 سالہ ابوبکر اور 4 سالہ احمد کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کا آغاز کر دیا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ ماموں نے بھائی کے قتل کا بدلہ لینے کے لئے بھانجوں کی بے دردی سے جان لی ، 9 ماہ قبل ان بچوں کے باپ نے قاتل کے بھائی کو قتل کیا تھا ۔
پولیس کے مطابق بچوں کا باپ ابھی تک سالے کے قتل میں جیل میں ہے ، پولیس نے فرار ہونیوالے سفاک قاتل کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ۔