بہاولنگر: (دنیا نیوز) بہاولنگر میں ڈاکوؤں نے موٹرسائیکل سوار فیملی کو لوٹ لیا اور جاتے جاتے مزاحمت پر شہری کو زخمی کر دیا، ایف آئی اے نے انسانی سمگلر کو بھی گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق بہاولنگر کے علاقے چک تالیہ کے قریب ڈاکوؤں نے موٹرسائیکل سوار فیملی کو روکا اور اسلحے کے زور پر لوٹ مار شروع کر دی، اس دوران شہری نے روکنے کی کوشش کی تو ملزموں نے فائرنگ کر دی اور نقدی، قیمتی سامان لے کر فرار ہو گئے۔
گولیاں لگنے سے موٹر سائیکل سوار شخص زخمی ہو گیا جس کی شناخت بشیر کے نام سے ہوئی، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور متاثرہ شخص کو قریبی ہسپتال منتقل کیا جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے، پولیس نے ملزموں کی تلاش شروع کر دی۔
دوسری جانب بہاولنگر میں ہی ایف آئی اے نے کارروائی کر کے انسانی سمگلنگ میں ملوث ملزم کو حراست میں لے لیا، ملزم عثمان نے گزشتہ سال گوجرانوالہ کے رہائشی 3 نوجوانوں کو غیرقانونی طور پر اٹلی بھجوانے کا سودا کیا تھا، ملزم کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔