کراچی: پولیس کی مختلف علاقوں میں کارروائی، 2 منشیات فروشوں سمیت 6 ملزم گرفتار

Published On 28 May,2024 07:05 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائی کر کے 2 منشیات فروشوں سمیت 6 ملزموں کو گرفتارکر لیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے منگھوپیر میں پولیس نے بدنام زمانہ منشیات فروشوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی اور اس دوران 2 ملزموں کو حراست میں لے لیا گیا جن کی شناخت عاشق عرف لنگڑا اور نعیم کے ناموں سے ہوئی، گرفتار منشیات فروشوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات اور نقد رقم برآمد ہوئی، پولیس نے تھانے منتقل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے کلری میں پولیس نے گھر نما منی فیکٹری میں چھاپہ مار کر گٹکا، ماوا تیار کرنے والے 4 افراد کو حراست میں لے لیا، ملزموں کی شناخت محمد عادل، یاسین، ساجد اور شعیب کے ناموں سے ہوئی ہے، کارروائی کے دوران بڑے پیمانے پر گٹکا، ماوا بھی برآمد ہوا۔

پولیس کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ اطلاع پر کلری کی حدود میں چھاپہ مارا گیا، گرفتار ملزمان گھر کی آڑ میں بڑے پیمانے پر گٹکا،ماوا تیار کر کے شہر میں سپلائی کرتے تھے، ملزم عادل اس سے قبل بھی گٹکا، ماوا کے 3 مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے، ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔