رحیم یار خان:نامعلوم ڈاکوؤں کا پولیس چوکی پر حملہ، 3 اہلکار شہید

Published On 01 August,2024 04:36 am

رحیم یار خان: (دنیا نیوز) نامعلوم ڈاکوؤں نے بچاؤ بند کچہ بھونگ کی پولیس چوکی پر حملہ کر کے ڈیوٹی پر مامور 3 پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس مقابلہ میں 4 خطرناک ڈاکو ہلاک جبکہ ان کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس کا کہنا تھا کہ رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈاکوؤں نے پولیس چوکی پر بزدلانہ حملہ کیا۔

جام شہادت نوش کرنے والے اہلکاروں میں پنجاب کنسٹیبلری کے جہانگیر، امتیاز اور طارق شامل ہیں جبکہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آئی جی پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ پولیس شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ڈاکوؤں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، عوام کی جان ومال کی حفاظت ،کچہ کریمنلز کی سرکوبی پولیس کا مشن ہے۔

ڈی پی او عمران احمر ملک کا کہنا تھا کہ رحیم یار خان پولیس کی بھاری نفری کچہ میں فرار ہونے والے ڈاکوؤں کا تعاقب جاری رکھے ہوئے ہے، تاہم پولیس کو بکتر بند گاڑیوں اور جدید ہتھیاروں کی مدد حاصل ہے، جلد ہی ڈاکوؤں کو انکے منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔.

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈی پی او عمران احمد ملک کی سپر ویژن میں پولیس کی بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ ڈاکوؤں کی تلاش جاری ہے۔