کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس کے مبینہ مقابلوں کے دوران تین ملزمان ہلاک اور ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
ماڑئ پور کے علاقے بدہنی گوٹھ کے قریب سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ پولیس نے دوران ڈکیتی قتل کیس میں مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لئے کارروائی کی اس دوران ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں پولیس موبائل کو بھی نقصان پہنچا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ پولیس اہلکار بلٹ پروف جیکٹ کی مدد سے محفوظ رہے، پولیس کی جوابی کارروائی میں دو ملزمان ہلاک ہو گئے، ہلاک ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی، ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
ادھر کھارادر پولیس دوران گشت جوڑیہ بازار کے قریب سٹریٹ کرمنلز کے ساتھ مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ملزم ہلاک ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فائرنگ کرتا رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے، ہلاک ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا ہے۔
نیو کراچی سیکٹر الیون جے کے قریب ملزمان کا پولیس سے سامنا ہو گیا، دو طرفہ فائرنگ کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ملزم کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔



