ٹوبہ ٹیک سنگھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نوجوان ہلاک

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نوجوان ہلاک

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت شاہ زیب گل کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق ضلع بنوں سے بتایا جاتا ہے جبکہ وہ اڈا واہگی میں رہائش پذیر تھا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ مقتول کے خلاف لڑکی کے اغوا کا مقدمہ تھانہ میرا خیل ضلع بنوں میں درج تھا، ابتدائی تفتیش کے مطابق فائرنگ کا واقعہ بظاہر دیرینہ دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ پیر محل اور ڈی ایس پی پیر محل پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور کارروائی شروع کر دی۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹوبہ ٹیک سنگھ اخلاق اللہ تارڑ اور ایس پی انویسٹی گیشن فضل عباس بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا، پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔

ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ اخلاق اللہ تارڑ نے مزید کہا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔