کراچی پولیس کی گزشتہ ہفتے میں کارروائیاں، 896 سے زائد ملزمان گرفتار

کراچی پولیس کی گزشتہ ہفتے میں کارروائیاں، 896 سے زائد ملزمان گرفتار

پولیس کے مطابق کراچی پولیس اور ملزمان کے درمیان گزشتہ ہفتے کے دوران 28 مقابلے ہوئے، ان مقابلوں کے دوران 2 ڈاکو ہلاک جبکہ 28 زخمی ڈاکوؤں سمیت مجموعی طور پر 41 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 896 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا گیا، منشیات فروشی میں ملوث ملزمان سے 31 کلو 58 گرام چرس، ایک کلو 675 گرام آئس/کرسٹل اور ہیروئن بھی برآمد کی گئی۔

اس کے علاوہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 93 مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، پولیس نے کارروائیوں کے دوران چھینی گئی 31 موٹرسائیکلیں اور ایک بڑی گاڑی بھی برآمد کر لی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔