خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے مزنگ میں واقع فلیٹ میں خاتون سمیت دو بچوں کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے فائرنگ کر کے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی، فائرنگ کی زد میں آنے سے 2 بچے زخمی بھی ہوئے، متاثرہ بچوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والی 35 سالہ خاتون کی شناخت عائشہ کے نام سے ہوئی ہے، بچوں میں 18 سالہ سمنہ پرویز، 14 سال کی مفرہ پرویز اور 12 سال کا منیب پرویز شامل ہیں، ملزم کی شناخت شاہد جٹ کے نام سے ہوئی ہے۔
فائرنگ کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، کرائم سین یونٹ اور فرانزک ماہرین کی ٹیمیں شواہد جمع کرنے میں مصروف ہیں۔
پولیس کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم کا گھر میں آنا جانا تھا، ملزم نے بڑی بیٹی کا رشتہ مانگا تھا انکار پر دشمنی پیدا ہوئی، بڑی بیٹی کی شادی رواں سال جنوری میں ہوئی تھی۔
پولیس نے مزید بتایا ہے کہ شادی نہ ہونے پر ملزم نے اہلخانہ کو نشانہ بنایا، ملزم شاہد نے متاثرہ خاتون کو مکان لے کر دیا تھا، متاثرہ خاتون ملزم کے رویے سے متعلق شکایات کرتی تھیں، ملزم کی جانب سے خاتون کے خلاف رقم کے تنازع پر تھانے میں درخواست بھی دی گئی تھی۔
مقتولہ عائشہ کا تعلق ننکانہ صاحب سے ہے جبکہ ملزم شاہد کا تعلق مزنگ کے علاقے سے بتایا جا رہا ہے۔
ڈی آئی جی انوسٹی گیشن ذیشان رضا نے بتایا کہ واقعہ کی مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے، حقائق جلد سامنے آئیں گے۔
پولیس نے واقعہ کا مقدمہ عائشہ بی بی کے داماد معیز خان کی مدعیت میں درج کر لیا ہے، مقدمہ نمبر 455/26 قتل کی دفعات کےتحت درج کیا گیا۔