خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) کوٹ لکھپت جیل میں قیدیوں کا جھگڑا ہوگیا، سیکرٹری داخلہ پنجاب نے افسوسناک واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیدیا۔
قیدیوں کے درمیان لڑائی کے باعث ایک قیدی ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے، جھگڑے میں زخمی ہونے والے 42 سالہ اشرف ولد برکت کو علاج کے لئے جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔
اشرف 302 کے مقدمہ میں جیل میں بند تھا، فلک شیر اور زخمی قیدی مختلف مقدمات میں جیل میں بند ہیں، قیدیوں کا شدید جھگڑا ہوا، فلک شیر سمیت تینوں زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ہلاک ہونے والے قیدی کی لاش کو مردہ خانہ منتقل کر دیا گیا، تھانہ کوٹ لکھپت پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کا آغاز کر دیا۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نے 3 ڈی آئی جیز پر مشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی، اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی نے زخمی قیدیوں اور جیل عملے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
ڈی آئی جی پریزن لاہور محسن رفیق، ڈی آئی جی پریزن ہیڈ کوارٹرز شوکت فیروز اور ڈی آئی جی پریزن انسپکشن نوید رؤف انکوائری کمیٹی میں شامل ہیں۔