طالبہ لائبہ فراڈ کیس کا زیرِ حراست ملزم مبینہ مقابلے میں ہلاک

طالبہ لائبہ فراڈ کیس کا زیرِ حراست ملزم  مبینہ مقابلے میں ہلاک

 پولیس کے مطابق ملزم کو اس کے انکشافات اور نشاندہی پر برآمدگی کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں چھپے موٹر سائیکل سوار چار مسلح ملزمان نے اسے پولیس کی حراست سے چھڑوانے کی غرض سے پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

 حکام کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے دوران زیرِ حراست ملزم محمد نعمان اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی ہوگیا جبکہ پولیس ٹیم بلٹ پروف جیکٹس اور دیگر حفاظتی اقدامات کے باعث محفوظ رہی۔

واقعے کے بعد زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والا ملزم محمد نعمان تھانہ رمنا کی حدود میں خودکشی کرنے والی طالبہ لائبہ اعجاز کے مقدمے میں نامزد ملزم تھا۔

واقعے کے بعد فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشنز جاری ہیں، پولیس کی جانب سے ملزمان کی تلاش اور واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔