لاہور: (ویب ڈیسک) چند روز قبل وزیراعظم عمران خان کی طرف سے فلم انڈسٹری کی بحالی کے فیصلے کے بعد مشہور گلوکار و موسیقار بلال مقصود نے کہا ہے کہ وزیراعظم سینما انڈسٹری کی بحالی کے ساتھ ساتھ میوزک انڈسٹری کی بھی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے ایک اجلاس میں متعلقہ وزارتوں کو ہدایت دی تھی کہ وہ ملک میں فلم انڈسٹری کے فوری بحالی کے لئے کوششیں کریں۔ اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے اعلی معیار کا مقامی مواد تیار کرکے پاکستان کی فلمی صنعت کو بہتر بنانے پر زور دیا۔
مشہور و معروف پاپ بینڈ سٹرنگز کے گلوکار و موسیقار بلال مقصود کا کہنا ہے کہ میں نے اخبار میں دیکھا وزیراعظم عمران خان نے اجلاس کے دوران ملک میں سینما کی بحالی کے لیے ہدایات دی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فلم انڈسٹری کی بحالی: وزیراعظم نے ضروری اقدامات کی اصولی منظوری دیدی
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک اچھی بات ہے تاہم یہ بھی بتایا جائے کے موسیقار کے لیے اس ملک میں کیا ہے اور ہماری اہمیت کیا ہے، ایک عام تاثر یہ ہے کہ ہم بہت برا کام کررہے ہیں۔
گلوکار و موسیقار کا مزید کہنا تھا کہ اگر حکومت کا ہمارے بارے میں تاثر بھی یہی ہے تو بتادیں تاہم مجھے نہیں لگتا کہ عمران خان کی ایسی سوچ ہے کیوں کہ ان کے دنیا میں بڑے بڑے موسیقاروں کے ساتھ رابطے ہیں، لہذا ہمیں ایسے پلیٹ فارم مہیا کیے جائیں جہاں سے عوام کی موسیقاروں کے بارے میں ذہنیت تبدیل ہو اور موسیقاروں کو ڈر ڈر کر کہیں بھی قدم نہ رکھنا پڑے۔
موسیقار بلال مقصود نے کہا کہ ہمیں ہر جگہ دشمنی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، چاہے سوشل میڈیا ہو یا کوئی کنسرٹ ہو لہذا اگر اسی ذہنیت کے ساتھ ہم چلتے رہے تو موسیقی پاکستان سے ختم ہوجائے گی۔