ٹوکیو: (روزنامہ دنیا) مس شرلاک سے عالمی شہرت حاصل کرنے والی جاپان کی اداکارہ یوکو ٹیکوچی اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائی گئیں، انہوں نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی ہے ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ کے شوہر رات گئے گھر پہنچے تو یوکو ٹیکوچی کو بے حس و حرکت حالت میں پایا۔ انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔ پولیس نے خدشہ ظاہر کیا کہ اداکارہ نے خودکشی کی ہے تاہم حتمی طور پر فرانزک لیب اور پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی کہا جاسکتا ہے۔
یوکوٹیکوچی جاپان کی ہردلعزیز اداکارہ تھیں، انہیں 2004 سے 2007 تک مسلسل 4 سال بہترین اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کرنے کا اعزاز حاصل تھا۔ یوکو نے ایک ڈراونی فلم میں اپنی شاندار اداکاری کے جوہر دکھائے جس نے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا تھا۔
سال 2017 میں جاپانی قوم دنیا بھر میں خودکشی کرنے والے افراد میں 7 ویں نمبر پر تھی۔ جاپان میں خود کشی کا رجحان دیکھتے ہوئے حکومت نے ڈپریشن میں مبتلا افراد کیلئے خصوصی پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے ذریعے خودکشی کی طرف مائل افراد کو معمول کی زندگی کی جانب واپس آنے میں مدد فراہم کی جائے گی۔