نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکی 60 سالہ خاتون نے ترک ڈرامہ "ارطغرل غازی" میں محی الدین ابن العربی کے پیغامات سن کر اسلام قبول کرلیا۔
ترک میڈیا کے مطابق امریکا کی ریاست وسکنسن سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے اسلام قبول کر لیا ہے جس کے بعد ان کا نام خدیجہ رکھا گیاہے جو کہ چھوٹے سے قصبے کی رہائشی ہیں۔
اسلام قبول کرنے والی خاتون کو ترک ڈرامے میں ترگت (نور گل) اور سلجان (شہناز) خاتون کے کردار کافی پسند آئے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈرامے میں محی الدین ابن العربی کے پیغامات سن کر وہ کافی متاثر ہوئیں اور ان کا زندگی کے بارے میں سوچ کا رخ تبدیل ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کے پسندیدہ ترکش ڈرامے سے متاثر میکسیکن جوڑے نے اسلام قبول کر لیا
خدیجہ کا کہنا ہےکہ انہیں تاریخ سے لگاؤ ہے جس کی وجہ سے ان کی توجہ اس ترک ڈرامے کی طرف گئی اور مجھے اسلام کے بارے میں جاننے اور اس کا مطالعہ کرنےکا موقع ملا ،میں نے قرآن انگریزی میں کئی بار پڑھا اور اب میں پہلی فرصت میں ترکی جانا اور وہاں رہنا چاہتی ہوں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وہ ترک کھانوں کی بھی دلدادہ ہیں اور گھر میِں بنانے کی کوشش بھی کرتی ہیں،ان کے آبا و اجداد ناروے سے امریکہ آکر آباد ہوئے جن کے ڈی این اے میں ترک نسل کا امتزاج بھی ملتا ہے۔