لاہور: (ویب ڈیسک) چند روز قبل وزیراعظم عمران خان کی طرف سے پی ٹی وی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی تھی کہ ترکی کے مشہور ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی کی ڈبنگ کر کے اسے اردو میں نشر کیا جائے، اب ایک اچھی خبر سامنے آئی ہے مذکورہ ڈراموں سے متاثر ہو کر میکسیکو کے ایک جوڑے نے اسلام قبول کر لیا ہے۔
ترک میڈیا کے مطابق سیلال ال جنہوں نے مقبول ترین ڈرامہ میں عبدالرحمٰن کا کردار ادا کیا تھا، حال ہی میں انہوں نے 22 ویں سالانہ مسلم امریکن سوسائٹی کی تقریب میں شرکت کی۔ اداکار سیلال ال نے ترکی اور اس ڈرامہ کے حوالے سے ایک خطاب بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی ترک ڈرامہ ارطغرل غازی کو پی ٹی وی پر نشر کرنیکی ہدایت
سیلال ال زکوٰۃ فاؤنڈیشن کے مہمان تھے جبکہ تقریب میں امریکا کے مسلمان اُن سے ملنے آئے تھے اور اداکار بڑے جوش و خروش کے ساتھ سب مہمانوں سے ملے۔
تقریب کے اختتام پر میکسیکن جوڑے نے اسلام قبول کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مشہور اداکار کی مدد سے قرآن پاک کی تلاوت بھی کی۔
اسلام قبول کرنے کے بعد میکسیکن جوڑے نے کہا کہ ہم ترکی کے ڈرامے ارطغرل غازی اور اس ملک کی دنیا بھر میں انسانی خدمت کے اقدامات سے متاثر ہو کر اسلام قبول کرنے کا فیصلہ کیا۔
میکسیکن جوڑے نے جب اسلام قبول کر لیا تو ترکی کے معروف اداکار نے جوڑے کو انگریزی اور ہسپانوی زبان میں قرآن پاک کا تحفہ دینے کے ساتھ ترکی کا جھنڈا بھی دیا۔
یاد رہے کہ ترکی کا معروف ڈرامہ 13 ویں صدی میں اناطولیا میں سلطنت عثمانیہ کے قیام سے قبل کے دور کی کہانی بیان کرتا ہے۔