انقرہ: (ویب ڈیسک) فرانس کی جانب سے ترکی کے شام میں آپریشن پر تنقید کے بعد انقرہ کا جارحانہ رد عمل سامنے آگیا، رجب طیب اردوان نے فرانسیسی ہم منصب کو دماغی طور پر مردہ قرار دیتے ہوئے علاج کروانے کا مشورہ دے دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارےکے مطابق فرانس اور ترکی کے درمیان لفظی جنگ تیز ہوگئی ہے، ترک صدر نے فرانسیسی ہم منصب کو دماغی طور پر مردہ قرار دے دیا۔
رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ میکرون اپنے مردہ دماغ کا چیک اپ کروائیں، فرانسیسی صدر نووارد ہیں جنہیں نہیں پتہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہوتی کیا ہے، انہیں خودنمائی تو خوب آتی ہے مگر نیٹو کی واجب الادارقم اب تک ادا نہ کرپائے۔
فرانسیسی وزارت خارجہ نے طیب اردوان کے بیان کو ناقابل قبول قرار دیا اور ترک سفیر کو طلب کر کے وضاحت طلب کی، کچھ عرصہ قبل فرانسیسی صدر نے ترکی کو شام میں آپریشن سے نہ روکنے پر نیٹو کو دماغ طور پر مردہ کہا تھا۔
فرانسیسی صدر میکرون نے نیٹو اجلاس میں بھی انقرہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ترکی کو آپریشن کے بعد نیٹوسے ہمدردی کی امید نہیں رکھنی چاہیے۔