وزیراعظم کی ترک ڈرامہ ارطغرل غازی کو پی ٹی وی پر نشر کرنیکی ہدایت

Last Updated On 03 December,2019 06:25 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے ترکی کے مشہور ڈرامے ارطغرل غازی کو پی ٹی وی پر نشر کرنے کی ہدایت کردی۔

یاد رہے کہ ترکی کے ڈراموں کی چند عرصے کے دوران پاکستان میں مقبولیت بڑھتی جا رہی ہے، انہی ڈراموں میں سے ایک ڈرامہ ’’دیریلش ارتورول‘‘ بھی شامل ہے۔ ان ڈراموں کے بعد پاکستان میں ترک ڈراموں نے دھاک بیٹھا دی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی افتخار درانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ جس ڈرامے کو نشر کیا جا رہا ہے یہ ڈرامہ سیریل تاریخ اسلام کے عظیم مجاہدار طغرل غازی کی زندگی پر بنایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ترک ڈراموں کی مقبولیت نے پاکستان میں دھاک بیٹھا دی

یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے قبل وزیراعظم پاکستان عمران خان، ترکی کے صدر رجب طیب اردوان اور ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کے درمیان ملاقات ہوئی تھی، اس ملاقات کے دوران فیصلہ کیا گیا تھا کہ اسلام کا بہتر تشخص اجاگر کرنے کے لیے ایک ٹی وی چینل لایا جائے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتےہوئے افتخار درانی کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے پی ٹی وی انتظامیہ کو ترکی کے مشہور ڈرامے سیریل نشر کرنے کی ہدایت کی ہے، سیریل پاکستان میں نشر کرنے کا مقصد قوم کواسلامی تاریخ سےآگاہ کرناہے، ترک سیریل میں تاریخ اسلام، ثقافت، اسلامی ہیروز کو اجاگر کیا گیا ہے۔

 

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان میں دیگر ترک ڈرامے بہت پسند کیے گئے ان ڈراموں میں’’میرا سلطان‘‘، ’’عشق ممنوع‘‘، ’’فاطمہ گل‘‘، ’’فریحہ‘‘ اور ’’کسم سلطان‘‘ شامل ہیں۔

خبر رساں ادارے ’’عرب نیوز‘‘ کے مطابق وزیراعظم نے پی ٹی وی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ترکی کے ڈرامے کو اردو میں نشر کیا جائے۔ اس ڈراموں کو نشر کرنے کا مقصد اسلامی روایات کا تشخص دنیا کے سامنے لانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان، ترکی اور ملائیشیا کا مشترکہ انگریزی چینل شروع کرنے کا فیصلہ

اس ڈرامے کو ترکش گیمز آف تھرونز بھی کہا جا رہا ہے، یہ ڈرامہ 13 ویں صدی کے ہیرو کی یاد میں بنایا جا رہا ہے، اس ڈرامے کے ذریعے سلطنت عثمانیہ کی اہمیت کو دنیا کے سامنے لایا جائے گا۔

مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا خبر رساں ادارے ’’عرب نیوز‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ترک ڈراموں کو نشر کیا جائے، وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ ہمارے کلچرل اور مذہبی اصولوں کو بچایا جا سکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلم دنیا کا اپنا ثقافتی ورثہ ہے، لیکن ہم زیادہ تر مغربی دنیا کی طرف دیکھتے ہیں، ترکش ڈرامے کا مقصد تاریخ اسلامی کی اہمیت کو سمجھنا ہے۔
 

Advertisement