امریکہ: الزائمر کی تشخیص کیلئے پہلی بار خون کے ٹیسٹ کی منظوری

Published On 20 May,2025 10:34 am

واشنگٹن : (ویب ڈیسک) امریکی محکمہ صحت کے ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے الزائمر کی تشخیص کیلئے پہلی بار خون کے ٹیسٹ کی منظوری دے دی۔

ایف ڈی اے نے الزائمر کی تشخیص کیلئے ٹیسٹ کی منظوری کا اعلان کیا جسے ماہرین کی جانب سے اس بیماری کی تشخیص اور علاج کیلئے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔

الزائمر ڈیمنشیا کی سب سے عام قسم ہے جس میں انسان کا دماغ عمر بڑھنے کے ساتھ سکڑنا شروع ہوجاتا ہے، یہ دماغی عارضہ یادداشت کی کمی کا باعث بنتا ہے، اس بیماری کا اب تک کوئی مکمل علاج میسر نہیں ہے۔

اس بیماری کی علامات وقت کے ساتھ بڑھ جاتی ہیں، اس لیے ماہرین کے مطابق بروقت تشخیص سے بہتر اور مؤثر علاج ممکن ہوسکے گا۔

امریکی ادارے نے الزائمر کی تشخیص کیلئے فجیربیو ڈائگنوسٹکس کی تیار کردہ بلڈ ٹیسٹ کٹ کی منظوری دی ہے، جس کے بعد امریکی ہسپتالوں میں نئے بلڈ ٹیسٹ کو الزائمر کی تشخیص کیلئے استعمال کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایف ڈی اے نے صرف فجیربیو ڈائگنوسٹکس کی تیار کردہ بلڈ ٹیسٹ کٹ سے الزائمر کی تشخیص کے لیے پہلی بار خون کے ٹیسٹ کی منظوری دے دی ہے۔

اس سے قبل متعدد نجی بلڈ ٹیسٹ کٹس تیار کرنے والے اداروں نے خون کے ٹیسٹ کے طریقہ کار متعارف کرائے تھے لیکن انہیں استعمال کرنے کی منظوری نہیں ملی۔