فیلڈ مارشل کے دورہ امریکا سے متعلق رائٹرز کی خبر درست نہیں: دفتر خارجہ

Published On 18 December,2025 12:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل کے امریکا دورے سے متعلق رائٹرز کی خبر درست نہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے فیلڈمارشل کے امریکا دورے سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ  اس دورے سے متعلق کوئی مصدقہ معلومات نہیں ہیں، اور سرکاری دوروں کا اعلان حکومت پاکستان باضابطہ طور پر کرتی ہے۔

دفتر خارجہ نے افغانستان میں دہشتگرد عناصر کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ خطے میں امن و سلامتی کے لیے بڑا خطرہ ہیں، سلامتی کونسل کی رپورٹ پاکستان کے موقف کی تصدیق کرتی ہے اور خاص طور پر ٹی ٹی پی اور دیگر غیر ملکی دہشتگرد عناصر کا ذکر موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرحدی کشیدگی، فائر بندی کی عدم موجودگی، بارڈر بندش اور تجارت کی معطلی دہشتگردی سے جڑی ہوئی ہیں، پاکستان کے تحفظات اقوام متحدہ کی رپورٹس سے ہم آہنگ ہیں اور دہشتگرد عناصر پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔