لاہور: (دنیا نیوز) افواج پاکستان کی جانب سے آپریشن "بنیان مرصوص" کی شاندار کامیابی پر اظہار یکجہتی اور قومی جذبے کے فروغ کے لیے لیڈی ایچیسن ہسپتال لاہور کے زیراہتمام ایک پُرجوش فتح ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی کی قیادت میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ثوبیہ جاوید نے کی۔
ریلی میں ہسپتال کے تمام شعبوں کے افسران، ڈاکٹرز، نرسنگ سٹاف، پیرامیڈیکل عملہ اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔
شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم، پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر افواجِ پاکستان کی حمایت اور آپریشن کی کامیابی پر مبارکباد کے پیغامات درج تھے، ریلی کے دوران "پاکستان زندہ باد" اور "افواج پاکستان پائندہ باد" کے نعرے گونجتے رہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ایس لیڈی ایچیسن ہسپتال ڈاکٹر ثوبیہ جاوید نے کہا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص پاکستان کی عسکری برتری، حکمت عملی اور قومی وقار کا عملی مظہر ہے، یہ محض ایک ردعمل نہیں بلکہ عالمی برادری کے لیے ایک پیغام ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے مگر اپنی خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ موجودہ حالات میں قومی یکجہتی اور افواج پاکستان کی مکمل حمایت ہی ہماری اصل طاقت ہے۔
ریلی کے اختتام پر ملک کی سالمیت، افواجِ پاکستان کی مزید کامیابی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔