اسلام آباد:(دنیا نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سیاسی ساکھ بچانے کے لیے بڑھکیں مار رہے ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ بھارت میں اب وہ سکت نہیں رہی، پاکستان نے بھارت کے 6 طیارے گرائے، نریندرمودی بڑھکیں ماررہےہیں،فوری حملہ ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس پہلگام کا کوئی ثبوت نہیں تھا، بھارت کو حملہ کرنے پر منہ کی کھانی پڑی، امریکی صدر نے خطے میں امن کے لیے اپنا کردارادا کیا۔
وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نےساری صورتحال میں بڑا اچھا کردارادا کیا، اگر کسی کے کوئی کیسز ہیں تو وہ عدالتی معاملات اپنی جگہ ہے، اپوزیشن کے ساتھ افہام تفہیم کا ماحول جاری رہنا چاہیے، یہ ماحول معاشی استحکام کےلیےجاری رہنا چاہیے۔
عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ راج ناتھ سنگھ سیاسی ساکھ بچانے کے لیے بڑھکیں مار رہے ہیں، نریندرمودی اور اس کا وزیر دفاع سیاسی ساکھ بچانے کے لیے باتیں کر رہے ہیں، بھارت نے پہلگام کی تحقیقات کرانے کا کوئی جواب نہیں دیا۔