لاہور:(دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بھارت اور مودی خود جانتے ہیں کہ پہلگام کے بعد یہ جنگ اس نے خود مسلط کی۔
یوم تشکر کی مناسبت سے لبرٹی میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں سینئر صوبائی وزیر، صوبائی وزرا، معاون خصوصی اور ڈپٹی کمشنر لاہور نے شرکت کی ۔
تقریب کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آ ج یہاں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے سپاہی موجود ہیں، ہم سب اپنے شہداء کی فیملیز کوخراج عقیدت اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے جمع ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کو لگتا تھا کہ میں پاکستان کو دبا سکتا ہوں، بھارت اور مودی خود جانتے ہیں کہ پہلگام کے بعد یہ جنگ اس نے خود مسلط کی، بھارت اور مودی کے پاس کوئی ثبوت نہیں تھا، مودی اپنی ناکامی اپنی انٹیلی جنس کی ناکامی کو چھپانے کے لئے یہ سب کرتا رہا۔
سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ آپریشن بنیان المرصوص میں جو معرکہ ہوا، اس کے بعد اب مودی جنگ کے بارے میں سوچے گا بھی نہیں، ہماری سرحدوں پر جس طرح افواج سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوئے ویسے ہی ان کے پیچھے پاکستان کے عوام آہنی دیوار بن کہ کھڑے رہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ماضی میں دھماکوں کا جواب ہمارے بہادر قائد نے بھارت کو 28 مئی کو 5 کے بجائے 6 دھماکوں سے دیا، پوری دنیا دنگ رہ گئی کہ یہ ہوا کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کے پاس ٹیکنالوجی ، فوج اور ہم سے زیادہ وسائل بھی ہیں، لیکن یہ جنگ صلاحیت اور قابلیت کی تھی، بھارت بھول بیٹھا تھا، ہمارے پاس شہداء اور غازیوں کا جذبہ ہے بنیان المرصوص نے اللہ اکبر کا نعرہ لگا کہ فتح اپنے نام کی۔