لاہور: (دنیا نیوز) آپریشن بنیان مرصوص کامیابی سے سر انجام دینے پر دنیا نیوز کی جانب سے خصوصی نغمہ جاری کر دیا گیا۔
افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تیار کیے جانے والے اس خصوصی نغمے کے بول لہو گرما دینے والے اور دشمن کو پچھاڑنے کے جذبے سے سرشار قوم کی عکاسی کرتے ہیں۔
نغمے میں بری، بحری اور پاک فضائیہ کی کامیابی کو سراہا گیا ہے، جسے اب تک سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ہزاروں ویوز حاصل ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں معصوم اور بے گناہ پاکستانی شہری شہید ہوئے اور ہمیں ان بے گناہ شہریوں کی خاطر جوابی کارروائی کرنے پر مجبور کر دیا۔
دنیا نے دیکھا کہ کئی گنا بڑے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے میں چند گھنٹے لگے، جو طیارے بھارت کا غرور تھے اب راکھ اور نشان عبرت بن چکے ہیں۔ ہمارے شاہینوں نے دشمن پر کاری ضربیں لگائیں ، یہ ہمارا دندان شکن جواب تھا۔
پاکستان کی بہادر اور پیشہ وارانہ مسلح افواج نے دشمن کو اسی کی زبان میں مؤثر اور بھرپور جواب دے کر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا ہے اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا ہے۔
دشمن کے فوجی اڈے ، اسلحہ کے انبار اور ایئر بیسز دیکھتے ہی دیکھتے سب کھنڈرات بن گئے، ان کے رافیل ہمارے شاہینوں کے نشانے پر آئے اور اللہ کے فضل سے ناکام ہو گئے۔
ہماری یہ کارروائی اس بوسیدہ نظریہ کے خلاف تھی جو انسان دشمنی ، جارحیت ، مذہبی جنون اور تعصب پر قائم ہے، یہ ہماری غیرت اور اصولوں کی فتح ہے، یہ افواج پاکستان کے ساتھ ساتھ خوددار، غیرت مند اور باوقار پاکستانی قوم کی کامیابی ہے۔
پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ہم پاک افواج کے ان تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے معرکۂ حق کی تکمیل میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔