لندن: (دنیا نیوز) برطانوی وزیرِ خارجہ ڈیوڈ لیمی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی نازک معاملہ ہے، سیز فائر پر عملدرآمد خطے کے امن کیلئے ضروری ہے ۔
برطانوی وزیرخارجہ نے دورہ پاکستان کے دوران صحافیوں کو آن لائن بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی قیادت کے ساتھ دہشتگردی کے معاملے پر بات ہوئی، پاکستان اور بھارت کی قیادت نے جنگ بندی کے حوالے سے متاثر کن کردار ادا کیا، 4 سال میں پاکستان آنے والا پہلا وزیرِ خارجہ ہوں، پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات، ثقافت اور تجارت کے فروغ پر بات کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ توقع بھی نہیں کہ بھارت اپنی قومی سلامتی کا معاملہ مجھ سے شیئر کرے گا، جنگ بندی برقرار رکھنے کے لیے انٹرنیشنل پارٹنرز کے ساتھ مل کام کر رہے ہیں، پہلگام میں دہشت گرد حملہ خوفناک تھا، برطانیہ ہر قسم کی دہشت کردی کی مذمت کرتا ہے، متاثرین سے ہمدردی ہے، پاکستان بھی دہشت گردی کا شکار رہا ہے، ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ انتہا پسندی کو فروغ نہ ملے۔
برطانوی وزیرِ خارجہ نے یہ بھی کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کا براہِ راست اثر برطانیہ میں آباد دونوں ممالک کے افراد پر پڑتا ہے، برٹش پاکستانی کمیونٹی کے اس قدر تحفظات تھے کہ پاکستان ہائی کمیشن کو 2 ہزار سے زائد کالز موصول ہوئی تھیں۔