لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب بھر میں یوم تشکر ومعرکہ حق وباطل کی پروقار تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔
وزیراعلیٰ نے پرچم کشائی کر کے تقریبات کا باقاعدہ آغاز کیا، تقریب میں صوبائی وزراء ، مشیران، معاونین خصوصی ،اعلیٰ صوبائی سرکاری افسران نے شرکت کی، پنجاب پولیس کے چاق وچوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی، تقریب میں قومی ترانہ پیش کیا گیا، شہداء کو خراج تحسین اور دعا بھی کی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں یوم تشکر ومعرکہ حق کی تقریبات میں عوام بھرپور شرکت کر رہے ہیں، نماز فجرمیں خصوصی طور پر ملک وقوم کی سلامتی اور امن کے لئے دعائیں کی گئیں۔
صوبہ بھر میں معرکہ حق ویوم تشکر کی تقریبات میں قرآن خوانی، آپریشن بنیان مرصوص کےشہداء کرام کے لئے دعائے مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعائیں کی گئیں، بھارتی جارحیت کی وجہ سے زخمی ہونیوالے شہریوں ، افسروں اور جوانوں کی صحت یابی کی خصوصی دعائیں بھی کی گئیں، صوبہ بھر میں شہداء کرام کے مزاروں پر پھول چڑھائے گئے، سرکاری اور نجی عمارتوں پر سبز ہلالی پرچم لہرائے گئے۔
افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے خصوصی ریلیاں نکالی گئیں، صوبہ بھر میں سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں معرکہ حق ویوم تشکر کی خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قوم کو فتح مبارک ہو، پاک فضائیہ کے دلیر اور جانباز شاہینوں نے متکبر دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا، افواج پاکستان کی شاندار کامیابی اور فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ”آپریشن بنیان مرصوص“ نڈر لیڈرشپ، دلیر افواج پاکستان اور متحد قوم کے غیر متزلزل اتحاد کا مرہون منت ہے، امن کے داعی ہیں مگر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔