معرکہ حق میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں یوم تشکر، افواجِ پاکستان کو خراج تحسین

Published On 16 May,2025 05:34 am

لاہور، اسلام آباد، کراچی: (دنیا نیوز)’’معرکہ حق‘‘ میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں آج یوم تشکر مناتے ہوئے افواج پاکستان اور پاکستانی عوام کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

یوم تشکر پر ملک بھر میں دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے ہوا، وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں21،21  توپوں کی سلامی دی گئی۔

پاک آرمی کے چاق وچوبند دستے کے نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے، فوجی جوانوں نے پاکستان کی سلامتی اور بقا کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔

ملک بھر میں یوم تشکر کے حوالے سے تقریبات کا سلسلہ جاری ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں پرچم کشائی کی۔

مزار قائد پر یوم تشکر کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے مزار قائد پر حاضری دی، بابائے قوم کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کئے۔

دوسری جانب لاہور میں مزار اقبال پر یوم تشکر کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے مزار اقبال پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی، مولانا عبدالخبیر آزاد نے دعا کرائی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ سیکرٹریٹ میں پرچم کشائی کی، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج نے بہادری سے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، وطن کا دفاع ہر پاکستان کا اولین فریضہ ہے، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، قوم دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے یوم تشکر پر گورنر ہاؤس پشاور میں پرچم لہرایا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ بھارت ہماری خاموشی کو کمزوری سمجھ رہا تھا، بھارتی جارحیت میں ہمارے معصوم بچے اور نہتے شہری شہید ہوئے، شہدا کی وطن کیلئے قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو جواب دیا تو پوری دنیا کو بتایا، افواج پاکستان نے ثابت کیا کہ ہمیں اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنی آتی ہے، پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے، ہندوستان بہت چیخ رہا تھا مگر اس کو مؤثر جواب دیا گیا، ہم پہلے دن سے کہہ رہے تھے ایٹمی طاقتوں کی لڑائی دنیا برداشت نہیں کر سکتی۔

گوجر خان میں کیپٹن محمد سرور شہید کی یادگار پر دعائیہ تقریب ہوئی، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔

میجر شبیر شریف شہید کے مزار پر بھی پھول رکھنے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں مزار پر پھول رکھے گئے اور پاک فوج کے جوانوں نے سلامی پیش کی، جہلم میں میجر محمد اکرم اور صوابی میں کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے مزار پر بھی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اس کے علاوہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر آزاد کشمیر بھر میں تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں، تعلیمی اداروں میں افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تقریبات جاری ہیں، پاک فوج زندہ باد، ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے کہ نعروں کی گونج ہے، اساتذہ نے بھی بھارت کو بھرپور جواب دینے پر نظمیں پیش کیں۔

یوم تشکر کی مرکزی تقریب پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں منعقد ہوگی، وزیراعظم تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی بھی تقریب کا حصہ ہوں گے۔

صدر اور وزیراعظم کا پاک فوج کو خراج تحسین

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کامیابی پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

یوم تشکر پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ اللہ کا شکر گزار ہوں کہ اس نازک گھڑی میں فتح سے نوازا، یہ صرف پاکستان کی افواج کی نہیں بلکہ پوری قوم کی کامیابی ہے، دشمن کی جارحیت کے خلاف قوم بنیان مرصوص کی مانند کھڑی رہی، مجھے اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔

صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ آج اللہ کا شکر بجا لانے کا دن ہے، 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا، حملے میں معصوم اور بے گناہ پاکستانی شہید ہوئے، دنیا نے دیکھا کئی گنا بڑے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے میں چند گھنٹے لگے۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ جو طیارے بھارت کا غرور تھے اب راکھ اور نشان عبرت بن چکے ہیں، شاہینوں نے دشمن پر کاری ضربیں لگائیں یہ ہمارا دندان شکن جواب تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ بہادر افواج نے دشمن کو جواب دیکر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا، قوم کی طرف سے جنرل عاصم منیرکا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔