لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بھارت کے منفی طرز عمل کے باعث پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی خطرے میں ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حالیہ کشیدگی میں پاکستان نے عسکری اور سفارتی سطح پر اہم کامیابیاں حاصل کیں اور دنیا پر واضح کیا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا مگر دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں مسئلہ کشمیر کی شمولیت پاکستان کی بڑی سفارتی فتح ہے، جبکہ بھارت ہمیشہ اسے اندرونی معاملہ قرار دیتا رہا ہے، پاکستان سیز فائر کو امن کی بنیاد بنانا چاہتا ہے اور تمام تنازعات، بشمول کشمیر، مذاکرات سے حل کرنے کا خواہاں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے پر غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش کی ہے، جبکہ بھارت پر دریا سندھ کے پانی کو ہتھیار بنانے اور دہشتگردی میں ملوث ہونے کے الزامات بھی موجود ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں چین، ترکیہ اور سعودی عرب کا کردار قابل تحسین ہے اور بھارت کا مذاکرات پر آمادگی ظاہر کرنا پاکستان کی سفارتی فتح ہے۔