کورونا میں سپورٹ کرنے پر سوارا بھاسکر نے پاکستانیوں کو بڑے دل کا پڑوسی قرار دیدیا

Published On 26 April,2021 05:31 pm

نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت میں کورونا کی خوفناک صورتحال کے بعد پاکستانیوں کے ہمدردانہ پیغامات سے بالی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر بھی متاثر ہوگئیں۔ پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بڑے دل کا پڑوسی قرار دیدیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت بھی پاکستان کے ہمدردانہ رویے پر خوشی کا اظہار کرچکی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بالی ووڈ اداکارہ سوارا بھاسکر نے پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا۔

اداکارہ نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ اس تباہ کن صورتحال کے دوران پاکستان کی سول سوسائٹی اور سوشل میڈیا کا بھارت کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ہمدردانہ رویہ حوصلہ افزا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کی ابتر صورتحال، کنگنا رناوت پاکستانیوں کی ہمدردی کی معترف

اداکارہ نے بھارت کے پاکستان مخالف پروپیگنڈے کا اعتراف کرتے ہوئے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ اس حقیقت کے باوجود کہ ہمارے میڈیا اور مرکزی دھارے میں جاری عوامی گفتگو نے مستقل طور پر پاکستانیوں کا مذاق اڑایا اور انہیں بدنام کیا ہے۔

سوارا بھاسکر نے پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں بڑے دل کا پڑوسی قرار دیا۔

 

Advertisement