کورونا کی ابتر صورتحال، کنگنا رناوت پاکستانیوں کی ہمدردی کی معترف

Published On 24 April,2021 05:40 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) بھارت کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت اپنے ملک میں کورونا وائرس کی ابتر صورتحال پر پاکستانیوں کی جانب سے ہمدردی کی معترف نکل آئیں۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کی کورونا کے باعث صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے اور پاکستان سمیت دنیا بھر سے بھارت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

بھارت میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 68 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ ایک لاکھ 28 ہزار کے قریب افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔

گزشتہ روز ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے بھارت کو 50 ایمبولنس اور رضاکار بھجوانے کی پیشکش کی تھی جبکہ آج وزیراعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر اطلاعات فواد چودھری سمیت پاکستان بھر سے بھارتی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کورونا سے بری طرح متاثرہ پڑوسی ملک انڈیا کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ اپنے پیغام میں پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ میں کورونا کی مہلک ترین لہر کا سامنا کرنے والے ہندوستانی عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔

انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ہم اپنے ہمسایوں سمیت دنیا بھر میں وبا کی زد میں آنے والوں کی جلد شفایابی کے لیے دعاگو ہیں۔ انسانیت پر حملہ آور اس آفت کا ہمیں باہم مل کر مقابلہ کرنا چاہیے۔

پاکستان میں ہیش ٹیگ PakistanStandWithIndia# ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے اور عوام کی جانب سے پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر سے کورونا کے جلد مکمل خاتمے کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔

اس ساری صورتحال پر بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت بھی خاموش نہ رہیں اور انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کیا ہے۔

کنگنا رناوت نے ٹوئٹر پر 52000 سے زائد ٹوئٹس کے ساتھ موجود ٹاپ ٹرینڈ پر لکھا کہ پاکستانیوں کی جانب سے PakistanStandWithIndia# کو ٹاپ پر دیکھ پر بہت اچھا لگا۔
 

Advertisement