اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پولیوکے علاوہ تمام بیماریوں کا علاج موجود ہے، ہم ہیلتھ کیئر سسٹم میں جدت لارہے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں کیونکہ پولیو وائرس اب بھی پاکستان میں موجود ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نے کم وقت میں زیادہ کام کرنا ہے، پاکستان کا طبی نظام زبوں حالی کا شکار ہے، ہیلتھ کیئر ہسپتال کے باہر سے شروع ہوتی ہے، ہمارے ہاں سیوریج سسٹم ٹریٹمنٹ کا تصور ہی نہیں ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پرہیز علاج سے بہتر ہے، ہمیں احتیاطی تدابیر اور بیماریوں سے بچاؤ پر توجہ دینا ہوگی، آلودہ پانی کی وجہ سے 70 فیصد بیماریاں پیدا ہوتی ہیں، اگر صاف پانی میسر ہو تو ہسپتالوں پر 70 فیصد مریضوں کا بوجھ کم ہو جائے، سیوریج کی ٹریٹمنٹ کیلئے مقامی سطح پر نظام کا قیام لازمی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ دنیا آج سے 10 سال بعد کینسر سے نجات حاصل کر چکی ہو گی، ہم 10 سال بعد بھی اس بحث میں الجھے ہوں گے کہ ویکسین حلال ہے یا حرام، ہمیں سوچنا چاہئے کہ بیماریوں سے کیسے بچا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں نئے ہسپتال بنانے کی ضرورت ہے، ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ہمیں تربیت یافتہ ڈاکٹروں کی بھی ضرورت ہے۔



