کورونا وائرس کی زد میں آ کر ایک اور معروف بھارتی اداکار چل بسا

Published On 24 April,2021 04:36 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں کورونا وائرس کے باعث حالات بے قابو ہو رہے ہیں، ہر چار منٹ بعد ایک شخص زندگی کی باز ہار رہا ہے جبکہ شوبز شخصیات بھی مہلک وباء کی زد میں آ رہی ہیں، اسی طرح ایک اور اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر للت بہل کورونا کے باعث چل بسے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز معروف بھارتی موسیقار شرون راتھور بھی کورونا کے باعث زندگی سے ہاتھ دھوبیٹھے تھے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والے لل بہل کے بیٹے کانو بہل، جو خود بھی ہدایت کار ہیں، نے اپنے والد کی موت کی خبر کی تصدیق کی۔ 70 سالہ اداکار کو گزشتہ ہفتے کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور ان کا ہسپتال میں علاج چل رہا تھا۔

کانو بہل نے کہا کہ ان کےوالد للت بہل دل کی بیماری میں بھی مبتلا تھے ان کے پھیپھڑوں میں انفیکشن ہوگیا تھا اور پھر ان کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آگیا جس کی وجہ سے ان کی طبیعت بگڑ گئی اور کورونا کے باعث ہونے والی پیچیدگیوں کی وجہ سے وہ چل بسے۔

للت بہل کو بنیادی طور پر اسٹیج اداکار کے طور پر جانا جاتا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے بطور ہدایت کار اور پروڈیوسر ٹیلی فلم ’’تپش‘‘، ’’آتش‘‘ اور ’’سنہری جلد‘‘ میں کام کیا تھا۔ انہوں نے 2014 میں ’’تتلی‘‘ نامی ڈرامے میں کام کیا تھا جو ان کے بیٹے کی ہدایت کاری میں بنا تھا۔ اس کے علاوہ وہ ’’مکتی بھون‘‘ ڈرامے میں بھی کام کرچکے تھے۔
 

Advertisement