ریاض: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث سعودی عرب نے پاکستان پر سفری پابندیاں عائد کر دیں۔ اپنے شہریوں کو 72 گھنٹے میں واپسی کی ڈیڈ لائن بھی دے دی۔
سعودی عرب نے بھارت، فلپائن، سری لنکا اور انڈونیشیا پر بھی سفری پابندیاں عائد کی ہیں۔ سعودی سول ایوی ایشن گاکا نے یورپی یونین ممالک اور سوئزر لینڈ پر بھی عارضی سفری پابندیاں لگائی ہیں۔ اقامہ ہولڈر افراد 72 گھنٹے میں سعودی عرب واپس جا سکیں گے۔
ادھر کورونا کیسز میں اضافے کے باعث سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کر دیا۔ کیٹیگری سی میں شامل 23 ممالک کے مسافروں کی آمد پر پابندی کی مدت میں توسیع کر دی۔ سول ایویشن نوٹیفکیشن کے مطابق کیٹیگری سی ممالک سے مسافروں کی آمد پر سفری پابندیاں 30 اپریل تک نافذالعمل رہیں گی۔
نئی ٹریول ایڈوائزری نوٹیفکیشن این سی او سی فیصلوں کے تناظر میں جاری کیا گیا۔ جس کے مطابق جنوبی افریقہ، برازیل، زمبابوے، بھارت سمیت 23 ممالک شامل ہیں۔ سی کیٹیگری ممالک سے آمد کی اجازت این سی او سی کے این او سی سے مشروط قرار دی گئی ہے۔ سفری پابندیوں پر نظرثانی 28 اپریل کو این سی او سی اجلاس میں کی جائے گی۔