نئی دلی: (دنیا نیوز) بھارت میں کورونا وائرس نے تباہی مچا دی۔ مسلسل تیسرے روز بھی تین لاکھ سے زائد مریض سامنے آگئے۔ ہسپتالوں میں آکسیجن ختم ہونے سے ہلاکتیں بڑھنے لگیں، مزید 2 ہزار 621 لوگ ہلاک ہوگئے۔
بھارت میں کورونا وبا بے قابو، تین روز میں کورونا کیسز کی تعداد 10 لاکھ کے قریب پہنچ گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دلی کورونا کا گڑھ بن گیا، روزانہ سب سے زیادہ کیسز سامنے آنے لگے۔ ہسپتالوں میں جگہ نہ ہونے کے باعث مریض گھروں میں ہی سسک سسک کر دم توڑنے لگے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مودی سرکار ہلاکتوں کی تعداد چھپانے لگی، بھارت میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد اس سے کئی زیادہ ہوسکتی ہے۔ کورونا سے شدید متاثر علاقوں میں مریضوں کو آکسیجن فراہم کرنے کیلئے دوسری ٹرین لکھنو پہنچ گئی۔
مہارشٹرا میں کورونا کیسز کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ویک اینڈ کرفیو بھی نافذ ہے، دیگر کئی متعدد ریاستوں میں صورت حال انتہائی نازک ہو چکی ہے۔ مودی سرکار کا صحت کا نظام بری طرح ناکام نظر آرہا ہے۔ ہسپتالوں کے باہر مریضوں کی لائنیں لگی ہوئی ہیں۔ مہلک وائرس سے مرنے والوں کی آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے بھی جگہ کم پڑنے لگی۔